ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلہ دیش میں دوبارہ پرتشدد مظاہرے، صدر کی رہائش گاہ کے گھیراؤ پر پولیس کا لاٹھی چارج، 5 افراد زخمی

بنگلہ دیش میں دوبارہ پرتشدد مظاہرے، صدر کی رہائش گاہ کے گھیراؤ پر پولیس کا لاٹھی چارج، 5 افراد زخمی

Wed, 23 Oct 2024 11:18:21  SO Admin   S.O. News Service

ڈھاکہ، 23/اکتوبر (ایس او نیوز /ایجنسی) بنگلہ دیش میں ایک بار پھر پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس بار مظاہرین ملک کے صدر محمد شہاب الدین کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ منگل کی رات تقریباً 8:30 بجے دارالحکومت ڈھاکہ میں صدر کی رہائش گاہ بنگا بھون کے سامنے ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ اس دوران ہزاروں افراد صدر کی رہائش گاہ کے سامنے جمع ہو کر نعرے بازی کر رہے تھے۔

دراصل، حال ہی میں بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے ایک بیان دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ ان کے پاس ایساکوئی دستاویز نہیں ہے جس سے یہ ثابت ہوسکے کہ شیخ حسینہ نے 5 اگست کو بنگلہ دیش چھوڑنے سے قبل وزیراعظم کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ صدر کے اس بیان کے بعد اب بنگلہ دیش میں یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا شیخ حسینہ اب بھی آئینی طور پر بنگلہ دیش کی وزیر اعظم ہیں؟ لوگ اس بیان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں اور صدر کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے پولیس کی رکاوٹیں ہٹانے کی کوشش کی جسے روکنے کے لیے پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ مظاہرین کو پرتشدد ہوتے دیکھ کر پولیس نے آنسو گیس کے گولے بھی داغے۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پولیس کے لاٹھی چارج میں 5 مظاہرین زخمی ہوئے جنہیں علاج کے لیے ڈھاکہ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ جیسے ہی مظاہرین بنگا بھون کے باہر جمع ہوئے، پولیس نے ان سے بات چیت شروع کر دی لیکن یہ ناکام ثابت ہوئی۔

پولیس کے مطابق معاملے پر قابو نہ پاتے دیکھ کر فوج کے جوانوں نے مظاہرین سے بات بھی کی لیکن جب بات نہ بنی تو انہیں لاٹھی چارج کا سہارا لینا پڑا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے ان پر پتھراؤ بھی کیا اوربنگا بھون کے قریب گلستان روڈ بلاک کر دی۔


Share: